تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان پر جھوٹے الزام لگانے والوں کو قذف کے تحت 80 کوڑوں کی سزا دلوائیں گے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف پٹیشن نہیں تہمت لگائی جارہی ہے، آج نواز شریف کے پیسے نے ثابت کیا کہ وہ بولتا ہے، کسی کی ذاتی زندگی پر الزامات پر حد قذف لگتی ہے اور ہم جھوٹے الزام لگانے والوں کو قذف کے تحت 80 کوڑوں کی سزا دلوائیں گے۔بابراعوان کا کہنا تھا کہ سیتا وائٹ کی 26 سالہ بیٹی ٹیریان وائٹ نے عمران خان پر کبھی کوئی دعوی دائر نہیں کیا لیکن پاکستان میں موجود ٹیریان کے نانوں کو بہت تکلیف ہورہی ہے، سنسنی پھیلانے اور اسکینڈلز والے غیر ملکی اخبارات کے حوالے پیش کئے جا رہے ہیں، کوئی باعزت شخص ایسے رسالوں کو نہیں پڑھتا، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے بے نظیر بھٹو کی جعلی تصاویر جہازوں سے پھینکیں۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا پورا لباس اتارا گیا کوئی نہیں بولا لیکن عمران خان نے مدینہ منورہ میں جوتے اتارے تو پروپیگنڈہ شروع کر دیا گیا، ہم نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتے ہیں کہ ن لیگ کے امپائروں اور وکٹ کیپرز کو تبدیل کریں۔