لاہور:مسلم لیگ ن کی سابق وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کے اثاثوں کی تفصیلات بھی منظر عام پر آگئی ہیں جن میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے شوہر کے بھارت میں 2 بینک اکاﺅنٹس ہیں اور انہوں نے 30 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔
حافظ آباد سے تعلق رکھنے والی سابق وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں 33 ایکڑ اراضی والد جبکہ 24 ایکڑ اراضی والدہ کی طرف سے ظاہرکی ہے۔ سائرہ افضل نے2015اور2016کے دوران زرعی آمدن محض 3 لاکھ روپے ظاہرکی جبکہ 2017میں اس 57 ایکڑ اراضی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے آمدن ظاہر کی ہے۔ سابق وزیر صحت نے 2015 میں14لاکھ روپے کی آمدن ظاہر کی جس پر 1 لاکھ 62 ہزار روپے کا ٹیکس دیا جبکہ 2016 میں 15 لاکھ روپے کی آمدن پر محض 80 ہزار روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔
سائرہ افضل تارڑ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں 60تولے زیورات اور21لاکھ روپے نقدی بھی ظاہرکی ہے جبکہ انہوں نے اپنے 2 بینک اکاؤنٹس میں 15 لاکھ روپے کا بیلنس ظاہرکیا ہے۔
انہوں نے ٹیکس گوشواروں میں اپنے شوہر عرفان تارڑ کے بھارت میں2بینک اکاؤنٹس بھی ظاہرکیے لیکن کاغذات نامزدگی میں ان بینک اکاؤنٹس کا ذکر نہیں کیا، سائرہ افضل کے شوہر عرفان تارڑ نے 30لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کی ہے۔