لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےمیانوالی کے حلقہ این اے 95 سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلےکو چیلنج کر دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے میانوالی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل میں چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی کہ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب سابق چیف جسٹس پاکستان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار مدثر حسین نے عمران خان کے لاہور کے حلقہ این اے 131 سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل دائر کی جس میں دعویٰ کیا کہ کاغذات نامزدگی میں عمران خان نے اپنے دو بیٹوں کو ظاہر کیا جبکہ بیٹی کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ اس لیے کاغذات نامزدگی کو منظور کرنے کے فیصلےکو کالعدم قرار دیا جائے۔
عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور کرنے کے خلاف الگ الگ اپیلوں پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل کے روبرو ہوگی۔
واضح رہے کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونےکے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیاتھا۔