تیز ہوا کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار
پیر کو لاہور شہر میں صبح سے ہی کالی گھٹائیں چھائی رہیں اور موسم خوشگوار رہا تاہم 11 بجے کے قریب تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی شدید بارش نے موسم کا لطف اور بڑھادیا۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے اور لوگ بارش کا مزہ لینے گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر اٹکھیلیاں کرتے رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے بعد موسلا دھار بارش کسی رحمت سے کم نہیں ہے ۔
دوسری طرف لاہور میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ نشیبی علاقوں کے مکین بارش کا لطف اٹھانے کی بجائے ہاتھوں میں بالٹیاں اور ڈونگے اٹھاکر گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں ۔ آج ہونے والی بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور بہت سے فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث لوگوں کو سخت اذیت کا سامنا ہے۔