لاہور :25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات ہو نے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام سیاستدانوں نے اپنی اپنی الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے اور مخالفین کو خوب تنقید کا بھی نشانہ بنایا جارہاہے تاہم ایسی صورتحال میں سیاسی لیڈر سوشل میڈیا ویب سائٹ پر بھی کافی ایکٹو نظر آ رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نارووال میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف پی ٹی آئی نے ابرارلحق کو میدان میں اتار دیاہے اور انہوں نے اپنی الیکشن مہم کا بھی آغاز کر دیاہے تاہم ایک الیکشن مہم ’ٹویٹر‘ پر بھی جاری ہے جہاں صارفین اپنی اپنی سیاسی جماعت کے حق میں ’مہم‘ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ۔اس صورتحال کے پیش نظر ٹویٹر پر ایک ’باروق نامی ‘صارف نے پی ٹی آئی رہنما ابرارلحق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ آپ احسن اقبال کو حلقہ کی سیاست میں کیسے شکست دیں گے ؟ آپ نہیں دے سکتے ،احسن اقبال آپ کو میراثی کہہ سکتے ہیں ۔
اس نوجوان کے ٹویٹ پر احسن اقبال بھی فوری میدان میں آ ئے اور جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی کسی تقریر میں انہیں مراثی نہیں کہاہے ، ان کے حوالے سے اگر میں نے کچھ کہا تو وہ صرف اتنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کے میرے خلاف انتخاب لڑوانے کیلئے گلوکار کی بجائے کوئی سیاسی کارکن نہیں ملا ، مجھے گانا نہیں آتاہے اور نہ ہی ٹھمکے لگا نے ۔