لیگی رہنما جاوید ہاشمی دونوں حلقوں سے دستبردار، کاغذات واپس لے لئے
ملتان: ملتان سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما جاوید ہاشمی انتخابات سے دستبردار ہو گئے۔ انھوں نے ملتان کے حلقہ این اے 155 اور 158سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، جاوید ہاشمی نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے بیانیہ سے اسٹیبلشمنٹ کے ایوانوں میں زلزلہ آچکا ہے، پارٹی نواز شریف کے ساتھ اپنی جگہ قائم ہے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے، عمران خان نے عمر رسیدہ لوگوں کو لے کر نوجوانوں کے خواب چکنا چور کردیے ہیں اور قوم کو الیکٹ ایبلز کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے، اقتدار کا راستہ کس طرف جاتا ہے۔ یہ ایک الگ بات ہے کہ ہمارے ملک میں اقتدار دینے والے اور ہوتے ہیں اور ووٹرز کی کوئی عزت نہیں، عمران خان بابا فرید کے مزار کی چوکھٹ کو جس طرح چوم رہے ہیں میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
جاوید ہاشمی نے مزید کہاکہ نیب کو پارٹیاں بنانے اور توڑنے کیلیے استعمال کیا جاتا ہے، 5 سال جیل میں رہنے کے بعد نیب سمیت کوئی ادارہ مجھ پر ایک پائی کرپشن ثابت نہیں کر سکا، میں پارٹی ڈسپلن کی وجہ سے این اے 155 میں شیخ طارق رشید اور این اے 158 میں جاوید علی شاہ کی انتخابی مہم چلاؤں گا۔