پاکستان کو ضمیر فروش نہیں سرفروش قیادت کی ضرورت ہے، صاحبزادہ حامد رضا
فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مجھے صاحبزادہ فضل کریم کا بیٹا ہونے پر فخر ہے، پاکستان کو ضمیر فروش نہیں سرفروش قیادت کی ضرورت ہے، 25 جولائی کو نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست دفن ہو جائے گی، میرے مد مقابل امیدوار لیڈر نہیں ٹریڈر ہیں، نئی قیادت ہی ملک کو نیا نظام دے سکتی ہے، ہمارے کارکنان سیاسی قارونوں اور فرعونوں کے بت پاش پاش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے غریب مزدور محنت کش اور مڈل کلاس کے نوجوان میری طاقت ہیں، میں اسمبلی میں پہنچ کر اپنے حلقے کی عوام کی ترجمانی کا حق ادا کروں گا، میری سیاست تجارت نہیں خدمت کیلئے ہے، ساری جماعتیں اقتدار میں آ کر منشور بھول کر لوٹ مار میں مصروف ہو جاتی ہیں، الیکشن میں قبضے والے نہیں جذبے والے جیتیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے این اے 110 میں انفرادی ملاقاتوں کے دوران ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کیلئے دیانتدار اور باصلاحیت نمائندوں کا اسمبلیوں میں پہنچنا ضروری ہے، ظلم کی طویل سیاہ رات ختم کرکے دم لیں گے، ہم ایمان اور قرآن کی طاقت سے الیکشن جیتیں گے، قوم میرٹ پر ووٹ دینے کی عادت اپنائے، کسی غلط شخص کو ووٹ دینا جھوٹی گواہی دینے کے مترادف ہے، ووٹرز کو عزت نہ دینے والے ووٹ کے حقدار نہیں، سوئس بینکوں میں پڑی دولت واپس لا کر ڈیم تعمیر کئے جا سکتے ہیں، عوام اس بار وڈیروں اور لٹیروں کے فریب میں نہ آئے، انتخابات کا آذادانہ، منصفانہ اور شفاف ہونا نظر بھی آنا چایئے، انتخابات متنازعہ ہو گئے تو ملک سنگین سیاسی بحران کا شکار ہوسکتا ہے۔