نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی تیار
لاہور: نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے ابتدائی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب ہیڈکوارٹر لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دینے پر غور کیا گیا، نیب کی 2 ٹیمیں اسلام آباد جب کہ 2 لاہور ایئر پورٹ پر تعینات کرنے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ایک ٹیم میں 6 سے 7 نیب کے اہلکار ہوں گے جب کہ پولیس کی مدد الگ ہوگی، نیب ٹیم میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے افسران سمیت نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے۔ مشاورت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز شریف کی متوقع لاہور آمد پر انہیں ایئرپورٹ پر گرفتار کرنے کے بعد حج ٹرمینل سے باہر لانے پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کرنے کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا جب کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے اور سیکیورٹی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی کا بھی انتظام کیا جائے گا، نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد نیب لاہور کی حوالات منتقل کرنے اور بعد ازاں انہیں جیل منتقل کرنے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔