ن لیگ نے شہباز شریف کیخلاف بغاوت کردی
لاہور : ن لیگ نے شہباز شریف کیخلاف بغاوت کردی، پارٹی اجلاس کے دوران رہنماوں نے 13 جولائی کو نواز شریف کی واپسی پر ریلی ائیرپورٹ نہ لے جانے کے معاملے پر صدر ن لیگ کی کھل کر مخالف کر دی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر ناکام سیاسی شو کے باعث شہباز شریف ان دنوں پارٹی رہنماوں کی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنما 13 جولائی کے ناکام سیاسی شو کے بعد سے شہباز شریف سے سخت نالاں ہیں۔ اس حوالے سے حالیہ ن لیگ کے اجلاس کے دوران سینئر رہنماوں نے شہباز شریف کے سامنے کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ سینئر ن لیگی رہنماوں نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ آخر کیوں ن لیگ کی ریلی نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور ائیرپورٹ نہ پہنچ پائی۔جبکہ ریلی کے شرکاء کی تعداد بھی کیونکر متاثر کن نہ تھی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دوران اجلاس شہباز شریف کے حامی ایک رہنما نے تنقید کرنے والے رہنماوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ ن لیگ مطلوبہ تعداد میں لوگوں کو سڑکوں پر نکلانے میں ناکام رہی تھی، اسی لیے ریلی کو ائیرپورٹ نہ لے جایا گیا۔ اگر ریلی ائیرپورٹ لے جاتے تو شرکاء کی کم تعداد کو میڈیا پر دکھا دیا جاتا اور یوں پارٹی کو شدید نقصان ہوتا۔جبکہ چونکہ نواز شریف اور مریم نواز کو فوری اسلام آباد منتقل کردیا گیا تھا، اسی لیے ریلی کو ائیرپورٹ پہنچنے سے قبل ہی ختم کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔ دوسری جانب ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف سے سخت نالاں اور انہوں نے ملاقات کرنے سے بھی انکار کردیا ہے۔