راولپنڈی:سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کا آج (جمعرات کو ) اڈیالہ جیل میں چھٹا روز ہے۔ آج کا دن ملاقاتیوں کیلئے مخصوص کیا گیا ہے اور صرف وہی لوگ سابق وزیر اعظم سے مل سکیں گے جن سے ملاقات کی وہ خواہش کریں گے۔ نوا ز شریف اور مریم نواز ملاقاتیوں سے ملنے کیلئے خصوصی طور پر تیار ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں ملنے والی سزا کے طور پر جیل میں آج چھٹا روز ہے۔ جیل انتظامیہ نے آج کا دن ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والوں سے ملاقات کیلئے مختص کیا ہے۔ نواز شریف ملاقاتیوں کیلئے خاص طور پر تیار ہوئے ہیں ، انہوں نے روایتی لباس، شلوار قمیض اور واسکٹ پہنی ہے، ان کی تیار ہونے میں مشقتی نے معاونت کی ہے جبکہ مریم نواز بھی روایتی مشرقی انداز میں تیار ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات شناختی کارڈ کے بغیر ممکن نہیں ہوگی جبکہ نواز شریف اور مریم نواز سے ملنے والوں کو موبائل فون لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر شخص کو صرف 20 منٹ تک ملاقات کی اجازت ہوگی اور صرف وہی لوگ ملاقات کرسکیں گے جنہیں نواز شریف خود بلائیں گے۔ جیل انتظامیہ نے تینوں کو ایک کمرے میں بٹھادیا ہے اور ملاقاتیوں کیلئے اضافی نشستیں بھی لگادی گئی ہیں۔