مسلم لیگ ن لیگ اور پی ٹی آئی دہشتگرد تنظیموں سے اتحاد کرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کالعدم اور دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ ہمارے خلاف اتحاد کرتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست نہیں چلے گی، نفرت کی سیاست سے ایک انتخاب تو جیتا جا سکتا ہے لیکن ملک کو اس سے بہت نقصان ہوگا، ہم الیکشن جیتیں یا ہاریں لیکن پنجاب میں میرے نکلنے سے مثبت سیاست کی امید پیدا ہوئی ہے، میں نکلا تو نوجوانوں میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ نفرت کی نہیں مثبت اور موضوع سیاست چلے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کالعدم اور دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ ہمارے خلاف اتحاد کرتے ہیں، ان جماعتوں نے ہمیشہ دہشت گردوں کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف انتخاب لڑا، کراچی میں ان جماعتوں کا گٹھ جوڑ سب کے سامنے ہے، مسلم لیگ (ن) کی تاریخ رہی ہے کہ وہ الیکشن کے نہیں سلیکشن کے عادی ہیں۔ سیاست میں انتہا پسندی کے حوالے سے کوئی حد طے کرنی پڑے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات ایک چیلنج ہیں انہیں صاف شفاف ہونا چاہئے، مخصوص سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں کی سہولت کاری کر کے انتخابات کو متنازع نہیں بنانا چاہئے، ہمارے امیدواروں اور پارٹی پر دباؤ ہے لیکن میں یہ دباؤ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔