مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے الیکشن 2018میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کے نتائج کو مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی پر دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن نے ہماری درخواست پر ایک گھنٹہ ٹائم آگے نہیں کیا لیکن جب پولنگ ختم ہوگئی اور اس اور اس کے بعد جو صورتحال دیکھنے میں آئی ہے میں نے اپنی ساری زندگی اتنی خطر ناک صورتحا ل نہیں دیکھی ۔ انہوں نے کہا کہ کچے کاغذ پر سائن کرکے ہمار ے پولنگ ایجنٹس کو رزلٹ دیئے گئے ہیں،پولنگ ایجنٹس فارم 45 کے لئے ترس گئے اور دینے سے انکار کردیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ کیا گیاہے اس سے ہم پاکستان کو30سال پیچھے لے گئے ہیں اور عوامی مینڈیٹ کے ساتھ اس طرح کا ظلم اور نا انصافی ناقابل برداشت ہے،خیال تھا کہ ووٹر ز کو آزادانہ حق رائے دہی کا موقع دیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ،ہمارے امیدواروں کے نتائج روک لئے گئے ہیں اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھاندلی ہوئی ہے اور ہم اس رزلٹ کو مسترد کرتے ہیں اور تسلیم نہیں کرتے،اس پر مزید پانچ پارٹیوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے ، ہم دیگر پارٹیوں سے رابطہ قائم کررہے ہیں اور جلد ہی ہم باہمی مشاورت کے ساتھ مل کر ایک جامع پروگرام دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہکوئی چھوٹی موٹی بات نہیں ہے اس پر میں بہت کلیئر ہوں،یہ صریحا دھاندلی ہے اور اس کے نتائج کا بہت نقصان ہوگا ،ہم اس کو تسلیم نہیں کرتے اور میں اس کومسترد کرتا ہوں۔