حکومت بنتے ہی ایون فیلڈ کا معاملہ برطانیہ کے سامنے اٹھایا جائے گا،فواد چودھری
اسلام آباد : پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں 177 ارکان کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا ہے، ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزارتوں کے فیصلے 11 اگست تک کریںگے،انہوں نے حکومت بنتے ہی ایون فیلڈ کا معاملہ اٹھانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی عرب اور برطانیہ کے سفیروں سے منی لانڈرنگ پر بات ہوئی ہے، سفیروں سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی رقوم واپس لانے اور اربوں روپے کی جائیدادیں بنانے والوں کی نشاندہی میں تعاون کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بنتے ہی ایون فیلڈ کا معاملہ برطانیہ کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالرز واپس لانے کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے 177 اور پنجاب اسمبلی کے 186 ارکان کی حمایت حاصل کر لی ہے جبکہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراءسے متعلق فیصلے 11 اگست تک کرسکتے ہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا آصف علی زرداری سے منسوب سوئس بینک میں رکھی رقوم کا حساب بھی ہوگا؟ تو فواد چودھری کا کہنا تھا چراغ سب کے بجھیں گے، ہوا کسی کی نہیں۔