پنجاب

پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے ، آئینی ذمہ داریوں کے ذریعے عوامی خدمت کروں گا: چوہدری محمد سرور

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب نامزد کر دیا ہے، ان کی نامزدگی پر پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں نے خوشی کا اظہار کیا ہے دوسری طرف چوہدری محمد سرور نے گورنر پنجاب نامزد ہونے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ قیادت نے جو ذمہ داری دی ہے احسن انداز سے نبھاؤں گا اور گورنرپنجاب کی حیثیت سے آئینی منصب کی توقعات پر پورا اتروں گا۔نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری محمد سرور نے گورنر پنجاب نامزدگی کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے ، آئینی ذمہ داریوں کے ذریعے عوامی خدمت کروں گا اور قیادت نے جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے گورنر پنجاب نامزد ہونے والے چوہدری محمد سرور اس وقت پاکستانی سینٹ کے ممبر ہیں جبکہ برطانیہ میں بھی دارالعوام کے ممبر رہ چکے ہیں،سابق گورنر پنجاب رہنے والے چوہدری محمد سرور دوبارہ گورنر پنجاب بننے جارہے ہیں ۔ فیصل آباد میں پیدا ہونے والے چوہدری محمد سرور1970کے اوائل میں سکاٹ لینڈ منتقل ہوگئے تھے۔ کامیاب بزنس مین کے طورپر اپنی پہچان بنانے والے چوہدری محمد سرور 1997 سے 2010 تک برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر رہے اور بالاآخر لیبر پارٹی اور برطانوی سیاست کوخیر آباد کہ دیا ۔ چوہدری محمد سرور کے صاحبزادے انس سرور اس وقت بھی لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر ممبر سکاٹش پارلیمنٹ ہیں اور قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔ چوہدری محمد سرور نے2013 میں برطانوی شہریت چھوڑ کر گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالا تاہم مسلم لیگ ن کی قیادت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہوں نے 2015 میں گورنر کے عہدے سے استعفی دے دیا اور تحریک انصاف میں شامل ہوگئے اور پھر تحریک انصاف کی جانب سے حالیہ سینٹ انتخابات میں چھ سال کے لیے سینٹر منتخب ہوگئے ۔ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے سینٹر شپ سے استعفی دینا ہوگا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close