نواز لیگ نے صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کا نام مسترد کردیا
لاہور: مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کے لیے پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن کا نام مسترد کردیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کے لیے پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن کی نامزدگی مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کے نام پر اعتماد میں نہیں لیا، اعتزاز احسن دھرنے میں بھی اپوزیشن کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صدارتی امیدوار کی متفقہ نامزدگی پاکستان الائنس کے ذریعے کی جائے، پیپلزپارٹی نےاتفاق نہ کیا تو (ن) لیگ کے عبدالقادر بلوچ صدارتی امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان الائنس کا اجلاس 24 اگست کو مری یا اسلام آباد میں ہو گا، الائنس کے ہر اجلاس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی قیادت شرکت کی پابند ہوگی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے لیے انصاف دو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عید کے بعد احتجاجی تحریک کا پہلا جلسہ راولپنڈی میں ہوگا جب کہ تحریک میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو تحریک میں بتایا جائےگا کہ نوازشریف کا احتساب نہیں ہورہا بلکہ انتقام لیا جا رہا ہے، نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں رکھنا انتقامی کارروائی ہے، زرداری کی چھٹی کے دن ضمانت ہوجاتی ہے مگر نواز شریف کو انصاف نہیں ملتا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے آج شہبازشریف سے فون پر گفتگو کرکے بھی انہیں تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی اور خورشید شاہ آج شہبازشریف سے ملاقات کریں گے۔
رانا ثنااللہ کی گفتگو
دوسری جانب اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اجلاس میں سب سے اہم معاملہ صدارتی انتخاب رہا، کوشش ہے اپوزیشن اتحاد میں ایک امیدوار ہی سامنے لایاجائے، اگر اپوزیشن اتحاد کرلے تو حکومتی صدارتی امیدوار کو شکست دی جاسکتی ہے۔
سابق وزیرقانون کا کہنا تھاکہ اپوزیشن اتحاد کا عید الاضحیٰ کے ایک روز بعد اسلام آباد یا مری میں اجلاس ہو گا جس میں صدر مملکت کے لیے اپوزیشن اتحاد کا متفقہ امیدوار سامنےلایاجائے گا۔