بغیر انجن مال گاڑی آندھی سے چل پڑی
گزشتہ روز شام 4 بجے کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس عارف والا سٹیشن کی لائن نمبر ایک پر جا رہی تھی اسی اثناءمیں تیز آندھی چل پڑی جس کی وجہ سے لائن نمبر 2 پر موجود 15 بوگیوں پر مشتمل خالی مال گاڑی چل پڑی اور اس کانٹے تک پہنچ گئی جس سے 9 بوگیوں پر مشتمل فرید ایکسپریس کی بوگی نمبر 8 گزر رہی تھی مال گاڑی کے ڈبے بوگی نمبر 8 میں آ کر لگے جس سے نہ صرف بوگی کی کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے بلکہ بوگی میں سوار 3 مسافر بھی معمولی زخمی ہو گئے مال گاڑی ٹکرانے کے بعد پیچھے کو ہٹ گئی جس کے بعد بوگی نمبر 9 خیریت سے گزر گئی زخمی مسافروں کو عارف والا سٹیشن پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ حادثہ کا شکار بوگی کی جزوی مرمت کر کے ٹرین کو 40 منٹ کی تاخیر سے روانہ کردیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قائم مقام ڈی ایس و ڈائریکٹر ویجی لینس سیل صائمہ بشیر نے سٹیشن ماسٹر عارف والا ایم کے صدیقی کو معطل کر کے ڈویڑنل ٹرانسپورٹیشن و ڈویژنل کمرشل آفیسر طاہر مسعود مروت‘ ڈویڑنل مکینیکل انجینئر شہزاد جاوید‘ اور ڈویڑنل سگنل انجینئر میاں عامر مسعود پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کے لئے عارف والا بھجوا دیا۔