پنجاب

عوام منتظر ہیں کہ عمران خان مسائل کی وکٹیں کب اڑاتے ہیں، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں سیاسی و پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جن دیرینہ مسائل کا سامنا ہے، ان میں کرپشن، مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور سودی معیشت سر فہرست ہیں، عوام منتظر ہیں کہ عمران خان ان مسائل کی وکٹیں کب اڑاتے ہیں، ہر پاکستانی کی نظریں حکومت کے اعلان کردہ سو روزہ پلان پر لگی ہوئی ہیں اور عوام اس انتظار میں ہیں کہ حکومت اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے، انتخابات پر تحفظات کے باوجود جو حکومت اور اسمبلیاں وجود میں آئی ہیں، ہم ان کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے منشور پر عمل کریں اور عوام کے مسائل حل ہوں، اب حکومت کا امتحان شروع ہو چکا ہے، ہم مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کو اس کی کارکردگی سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ کمیٹی کا اجلاس صدر کمیٹی لیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، سینیٹر مشتاق احمد خان، صاحبزادہ طارق اللہ، حافظ نعیم الرحمن و دیگر ممبران نے شرکت کی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کے نظریے پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی، پاکستان کا اسلامی تشخص قائم رہے گا اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، جماعت اسلامی فرد اور معاشرے کی اصلاح اور ملک میں غلبہ دین کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کو عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں اس لیے ہم نے الیکشن میں حصہ لیا، اس وقت جمہوریت، سیاست اور پورا انتخابی نظام دولت اور پراپیگنڈے کا کھیل بن چکا ہے، اداروں کو مضبوط اور سیاسی مداخلت سے پاک، بیرونی دبائو کو ختم کرنا، کرپشن کا خاتمہ، ایک کروڑ ملازمتیں، پچاس لاکھ گھر اور عام آدمی کو عدل و انصاف کی فراہمی سمیت حکومت نے جو بڑے بڑے اعلانات کیے ہیں، قوم منتظر ہے کہ ان پر عملی اقدامات کب اٹھائے جاتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close