پنجاب پولیس کا اینٹی رائٹ فورس کیلئے نیا سامان خریدنے کا فیصلہ
لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی رائٹ فورس کیلئے نیا سامان خریدنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ لاہور میں گزشتہ برس ہی اینٹی رائٹ فورس نے کام شروع کر دیا تھا اب پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی اینٹی رائٹ فورس کو فعال کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دیگر 35 اضلاع کیلئے اینٹی رائیٹ سامان کی خریداری کی جائے گی جس میں بیریئر، ہیلمٹ، سیفٹی شیلڈ، پیڈز، لاٹھیاں، جوگرز سمیت دیگر اشیاء شامل ہوں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع کو اے، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے، اے کیٹگری کے اضلاع میں سامان پہلے بھجوایا جائے گا جبکہ بی اور سی کیٹگری میں سامان دوسرے مرحلے میں بھیجا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں قیام امن اور پرتشدد مظاہرے روکنے کیلئے اینٹی رائیٹ فورس کو خصوصی تربیت دی گئی ہے جس کا دائرہ اب لاہور سے بڑھا کر پورے صوبے پر پھیلا دیا جائے گا۔