سابق خاتون اول کلثوم نواز کو جاتی عمرہ میں انکے سسر میاں محمد شریف کے پہلومیں سپرد خاک کردیا گیا۔اس سے قبل انکی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھائی ۔
کلثوم نواز کے جنازے میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ،پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ ،قمر زمان کائرہ ،راجہ پرویز اشرف، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار ، خالد مقبول صدیقی، عتیق الرحمٰن اورچوہدری برادران سمیت دیگر سیاسی قائدین ، شریف خاندان اور ن لیگ کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر پنجاب چوہدری سرور جنازہ میں شریک ہوئے ، پیپلز پارٹی کے وفد نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر شرکت کی ۔
نماز جنازہ اور تدفین میں شریک اپوزیشن جماعتوں میں جماعت اسلامی ،اے این پی، پشتونخوا میپ کے وفود نے بھی شرکت کی ۔شرکاء نے اس موقع پر کلمے کا بڑی تعداد میں ورد کیا۔بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں ان کے سسر محمد شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔