پاکستانی راتوں رات امیر ہونے لگے، فالودہ فروش کے بعد جھنگ کا طالب علم کروڑ پتی بن گیا
کراچی میں فالودہ فروش کے اکاونٹ میں سوادو ارب منتقلی کے بعد جھنگ میں طالب علم کے اکاونٹ میں 17 کروڑ روپے کا انکشاف ہو ا ہے جس کے بعد ایف آئی اے کے افسران میں کھلبلی مچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق غریب شہریوں کے بھاری بینک اکاؤنٹس کے انکشافات کا سلسلہ رکا نہیں ہے، اب جھنگ کے طالبِ علم اسد علی کے اکاؤنٹ میں 17 کروڑ 30 لاکھ روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس پر ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے طالبعلم کو کراچی طلب کرلیا۔ طالب علم کاکہنا ہے کہ ایف آئی اے کے طلب کرنے پررقم کی موجودگی کاعلم ہوا،کراچی آج تک نہیں دیکھا، اب تحقیقات کے لیے بلا لیا گیا ہے، اتنی بڑی رقم سے کوئی تعلق نہیں، میری مدد کی جائے۔
اسد علی کےبھائی نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ اسد کا بینک میں کوئی اکاؤنٹ ہے ہی نہیں، بھائی کے نام پرجعلی اکاؤنٹ کھول کررقم منتقل کی گئی، ہم نے پیسے مانگ کر بھائی کو کراچی جانے کا خرچ دیا ہے ، وہ تو ابھی نوکری کی تلاش میں مارے مارے پھرتا ہے ۔ اکاؤنٹ اور پیسوں سے لاعلم نوجوان کے پڑوسی کہتے ہیں کہ نوجوان شریف انسان ہے اور اس کا کوئی جرائم پیشہ عناصر سے تعلق نہیں ہے ۔