پنجاب

شہباز شریف کے خلاف الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، ملک احمد خان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے وفاقی وزیر اطلاعات کے شہباز شریف کے حوالے سے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے جو الزامات لگائے وہ ثابت کردیں تو ہم پوری رقم ادا کردیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا جن پر 35 کروڑ روپے کا بل واجب الادا ہے اور ان کے بچوں پر 2 کروڑ 65 لاکھ واجب الادا ہیں’۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ‘فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے پہلہ قدم اٹھاتے ہوئے حکومت کی جانب سے انہیں مذکورہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے لیے نوٹس دیا جائے گا اور ساتھ ہی تحقیقاتی اداروں کو بھی یہ معاملات بھیج رہے ہیں تاکہ تفتیش کی جاسکے’۔

ملک احمد خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حقائق کے برخلاف گفتگو کی اور غلط اعداد و شمار پیش کیے۔

انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس 11 سال پرانا جہاز تھا اور اس کی حالت ایسی تھی کہ شہباز شریف اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے رہے اور ہیلی کاپٹر 2 مرتبہ حادثے سے بھی بچا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری 35 کروڑ کرایہ ثابت کردیں ہم ادا کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو 2 ماہ ہوگئے ہیں اور جھوٹ در جھوٹ بول رہے ہیں۔

ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ’میاں محمود الرشید استعفیٰ کیوں نہیں دے رہے، ان کا بیٹا غلط حرکات میں پایا گیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے وزیر اطلاعات سرکاری بیان دیتے ہیں جو جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں، وزیر اعلی پنجاب کو کچھ نہیں معلوم ہوتا ہے کیونکہ ان کو وفاق سے پالیسی آتی ہے‘۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کرپشن کرنے والوں پر اینٹی کرپشن میں پرچے کروائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف گاڑیوں کا پیٹرول بھی اپنی جیب سے دیتے تھے، فواد چوہدری نے آج جس طرح بات کی وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت روزانہ کی بنیاد پر گورننس میں ناکام ہورہی ہے، اسے اپنے حالات پر دھیان دینا چاہیے، صرف جھوٹ، جھوٹ پر نہیں چلنا چاہیے‘۔

ملک احمد خان نے کہا کہ ’نیب کے بلانے پر ہمیں اعتراض نہیں، احتساب کا ادارہ جب بھی بلائے گا ہم جائیں گے تاہم بغیر تحقیق کے لوگوں کی پگڑیاں نہ اچھالی جائیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اگر ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی تو پھر دیگر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close