پنجاب

شہباز شریف 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گزشتہ روز گرفتار کیے گئے مسلم لیگ نون کے صدر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے خلاف نیب کی درخواست پر لاہور کی احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر انہیں نیب کے حوالے کر دیا۔

اس سے قبل نیب نے مسلم لیگ ن کے صدر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دونوں جانب کے وکلاء نے دلائل دیے، عدالت نے کچھ دیر قبل نیب کی 15روزہ ریمانڈ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے اپنے چیمبر میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل کیس کی سماعت شروع کی تاہم میاں شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ میں کیس کی سماعت کھلی عدالت میں چاہتا ہوں، جج کے چیمبر کے اندر نہیں چاہتا، لہٰذا سماعت کمرۂ عدالت میں کی جائے جس پر کیس کی سماعت جج کے چیمبر سے کمرۂ عدالت منتقل کر دی گئی۔

کمرۂ عدالت میں میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی موجود ہیں۔

نیب نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اختیارات سے تجاوز کیا۔

جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ شہباز شریف نے آشیانہ اقبال کا کنٹریکٹ لطیف اینڈ سنز سے منسوخ کر کے کاسا ڈیولپرز کو دیا، ان کے غیر قانونی اقدام سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف سے مزید تفتیش درکار ہے، جس کے لیے عدالت انہیں 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرے۔

شہباز شریف کے وکیل نے اس موقع پر نیب کی درخوست کی مخالفت کی۔

شہباز شریف نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے اپنی ذاتی مداخلت سے کئی ارب روپے بچائے، اورنج لائن ٹرین میں صوبے میں 75 ارب روپے بچائے۔

شہباز شریف 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میں نے اپنی نیند اور صحت خراب کی، دن رات محنت کرکے عوام کی خدمت کی، یہ مقدمہ سیاسی بنیاد پر بنایا گیا ہے، میں نے ایک دھیلے یا ایک پائی کی کرپشن نہیں کی۔

اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے وقت کمرہ عدالت وکلاء اور ن لیگی کارکنوں سے کھچا کھچ بھرگیا اور رش کے باعث شہبازشریف کیخلاف کیس کی سماعت نہ ہوسکی نہ ہی جج کمرہ عدالت میں پہنچے۔

اس موقع پر ایک خاتون کارکن نےکمرہ عدالت میں نعرہ لگایا جسے وکلاء نے روک دیا، شہباز شریف کو سیڑھیوں کی بجائے لفٹ کے ذریعے احتساب عدالت میں تیسری منزل تک پہنچایا گیا۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کمرۂ عدالت میں جانے کے بجائے شہباز شریف کے وکلاء کو اپنے چیمبر میں ہی طلب کر لیا جہاں مقدمے کی کارروائی شروع ہوئی۔

اس سے پہلے میاں شہباز شریف کو نیب نے بکتر بند گاڑی کے ذریعے احتساب عدالت پہنچایا، پولیس کی بھاری نفری بھی گاڑی کے ہمراہ تھی۔

مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے وقت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں، پُرجوش کارکنوں اور وکلاء کی بڑی تعداد احتساب عدالت پہنچ گئی۔

لاہور: نون لیگی کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے علاوہ سڑکوں پر رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی تھیں، مگر کارکن پھر بھی احاطۂ عدالت میں پہنچ گئے، کارکنوں کو دھوکا دینے کے لیے 2بکتر بند گاڑیاں الگ الگ روٹس سے احتساب عدالت لائی گئیں۔

مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے شہباز شریف کے حق میں اور ان کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگائے اور کئی جوشیلے کارکن بکتر بند گاڑی پر بھی چڑھ گئے، جنہیں پولیس اہلکاروں نے بڑی مشکل سے نیچے اتارا۔

احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں کے علاوہ ترجمان مریم اورنگ زیب بھی خواتین کارکنو ں کےساتھ نعرے لگاتی رہیں، جبکہ پولیس اہلکار کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روکتے رہے۔

پولیس اہلکار شیلڈز پکڑ کر کارکنوں کے سامنے دیوار بن گئے اور انہوں نے نون لیگی کارکنوں کو عدالت کے دروازہ سے دور رکھا۔

آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیے گئے میاں شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی نیب عدالت میں موجود ہیں۔

آج عدالت آنے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں اور سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نیب عدالت میں آج کسی بھی غیر متعلقہ شخص کوداخلے کی اجازت نہیں، نہ ہی میڈیا کو کوریج کی اجازت دی گئی ہے۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ احتساب عدالت لے جانے سے پہلے ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں واقع نیب آفس میں شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، نیب کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا بلڈ پریشر، شوگر لیول بھی چیک کیا اور انہیں طبی طور پر مکمل فٹ قرار دے دیا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اعظم نذیر تاڑر، امجد پرویز اور نصیر بھٹہ شہباز شریف کا احتساب عدالت میں دفاع کر رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close