مزاروں کے صندوقوں میں رقم کا معاملہ: محکمہ اوقاف کے فارنزک آڈٹ کا حکم
لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے محکمہ اوقاف کے فارنزک آڈٹ کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان نے مزاروں کے صندوقوں میں جمع رقم کے استعمال کے نوٹس پر سماعت کی۔
اس موقع پر محکمہ اوقاف کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ چیف جسٹس پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زائرین اپنی حلال کمائی دے کر جاتے ہیں آپ نے بندر بانٹ لگا رکھی ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2018 میں مزاروں کے صندوقوں سے 80 کروڑ روپے جمع ہوئے جس پر چیف جسٹس نے کہا یہ پیسہ زائرین کی بہتر سہولیات کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس نے ڈائریکٹر جنرل اوقاف سے استفسار کیا ‘مجھےلکھ دو، کب آخری دفعہ داتا دربار گئے اور کیا اقدامات کیے جس پر ڈی جی اوقاف نے کہا کہ 6 دن پہلے گیا تھا، وہاں معاملات بہتر ہورہے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے محمکہ اوقاف کا فارنزک آڈٹ کا حکم دےکر رپورٹ طلب کرلی۔