پنجاب پولیس کی مجلس عزا پر ہونیوالی بربریت پر خاموش نہیں رہیں گے، ایم ڈبلیو ایم
فورٹ عباس: مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کا ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے رہنما سلیم صدیقی و دیگر کے ہمراہ بہاولنگر فورٹ عباس چک 240 میں مجلسِ عزاء کے دوران پولیس گردی سے متاثرہ بانی مجلس کے گھر کا دورہ، متاثرین سے واقعے کی تفصیلات سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے، فورٹ عباس کی پولیس نے جس بربریت کا نشانہ خواتین کو بنایا ہے اس پر ہم ہرگز خاموش نہیں رہیں گے، پنجاب پولیس کے شدت پسند تکفیری گروہ جو ملک کو عدم استحکام کے درپے ہیں ان سے قریبی مراسم ہیں، جنوبی پنجاب کی پولیس سے چھوٹو گینگ تو کنٹرول نہیں ہو سکا اور نہتی خواتین پر تشدد کرتے پھرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن شہریوں اور خواتین پر تشدد کرنے والے انسانوں کی روپ میں حیوانات ہیں، ہم ان کالی بھیڑوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر بے نقاب کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ متاثریں نے ایم ڈبلیو ایم قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عزاداری نواسہ رسول صلی علیہ وآلہ وسلم کے خاطر ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔