لاہور: ناصر باغ میں تحریک لبیک یارسول اللہ کا ورکرز کنونشن، کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت۔ کنونشن کی صدارت سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری نے کی جبکہ امیر تحریک لبیک خادم حسین رضوی سمیت مقامی عہدیداران نے خطاب کیا۔ پیر افضل قادری نے کہا کہ ہمارے لئے سیرت النبی(ص) بہترین اسوہ حسنہ اور نظام زندگی ہے، حضور نبی کریم(ص) نے اپنی سیرت سے ہر معاملے میں مکمل رہنمائی فرمائی ہے، حتیٰ آپ (ص) نے کھانے کے آداب تک سکھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں کسی طور توہین رسالت برداشت نہیں کریں گے، اگر آسیہ مسیح کو رہا کیا گیا تو پھر ہم پاکستان میں کسی کی عزت کی گارنٹی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے، گستاخان رسول کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ مولانا خادم رضوی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی کے حق میں نہیں ہیں، نہ ہماری کسی ادارے سے جنگ ہے، ہم نے دہشتگردی کیخلاف آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں توہین رسالت ایکٹ میں ترمیم کی باتیں ہو رہی ہیں، ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اب کسی صورت بھی قانون ناموس رسالت میں کوئی ترمیم برداشت نہیں کریں گے اور اب کھل کر تحفظ ناموس رسالت ایکٹ کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کورٹس کی جانب سے سزا یافتہ آسیہ مسیح کی ممکنہ رہائی جیسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو پاکستان میں پھر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عزت رسول(ص) کیلئے بنا تھا گستاخوں کی حمایت کیلئے نہیں، حرمت رسول کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ایسی جماعت کے کارکن ہیں جس کے حافظ، مفتی شیخ الحدیث ایک رات میں پورا قرآن سنا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان صرف اس لئے بنا تھا کہ خدا کا دین تخت پر آئے مگر پاکستان میں سیکولرازم لانے کی باتیں ہو رہی ہیں، ریاست مدینہ کی باتیں کرنیوالے ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کریں، پاکستان حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ بنائیں، ریاست مدینہ عمل سے بتنی ہے، باتوں سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ کی جانب سے پورے پاکستان میں تنظیم سازی اور تشکیل نو کی جا رہی ہے، تحریک لبیک یارسول اللہ کی قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں، یونین کونسلز اور گلی محلہ کی سطح پر تنظیم سازی کی جائے گی۔ خادم حسین رضوی نے اعلان کیا کہ تحریک لبیک 9 نومبر کو مزار اقبالؒ پر یوم پیدائشِ حضرت اقبالؒ کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کرے گی۔