راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 14 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشت گرد پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت دہشت گردی کی سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں رحمان علی، رحمت علی، سیف الرحمان، فضل معبود، ارشاد احمد، آفرین، احمد حسین، باچا رحمان، محمدمجید، محمد عاقل، سیف اللہ، شیر علی خان، محمد طارق اور علی رحمان شامل ہیں۔
سزا پانے والے دہشت گردوں نے مجموعی طور پر 22 افراد کو قتل کیا جن میں 3 سویلین بھی شامل تھے، سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کے حملوں میں 23 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سزا پانے والوں میں مالم جبہ سوات کے ہوٹل پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔
سزا پانے والے دہشت گردوں کا مقدمہ خصوصی فوجی عدالت میں چلایا گیا اور تمام دہشت گردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔