احتساب کے ادارے حکومت کے تابع نہیں اور یہ زرداری بھی جانتے ہیں: شاہ محمود قریشی
ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہےکہ احتساب کے ادارے کسی حکومت کے تابع نہیں اور یہ زرداری بھی جانتے ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خواہش ہے کہ احتساب کا عمل جاری رہنا چاہیے، احتساب کے ادارے کسی حکومت کے تابع نہیں ہیں، آصف زرداری بھی جانتےہیں کہ حکومت کا کسی پر کوئی زور نہیں۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پہلے اتحاد بنتے تھے، آج مجھے اے پی سی کا ایجنڈا سمجھ نہیں آرہا، اے پی سی بامقصد ہونی چاہیے یہ تو اپنے بچاؤ کا کوئی پروگرام لگتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل 60 دنوں میں تو پیدا نہیں ہوئے، عوام بھی جانتے ہیں کہ اس ملک کے مسائل کیا ہیں۔ جنوبی پنجاب سے متعلق سوال پر ان کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب ایک ضرورت ہے اس سے انکار نہیں کیاجاسکتا تاہم صوبہ جنوبی پنجاب کیلئے دو تہائی اکثریت کیلئے اپوزیشن کا ساتھ چاہیے۔
واضح رہےکہ اپوزیشن جماعتوں نے 31 اکتوبر کو کل جماعتی کانفرنس طلب کررکھی ہے جس میں آصف زرداری بھی شرکت کریں گے جب کہ کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف نے وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مولانا فضل الرحمان نوازشریف اور زرداری کی ملاقات کے لیے سابق وزیراعظم کو خود کانفرنس میں شرکت پر آمادہ کرنے کےلیے راضی کررہے ہیں۔