اس حکومت کی اوقات نہیں کہ کسی کو این آر او دے سکے،قمر زمان قائرہ
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کچھ وزرا این آر او دینے کی بات کرتے ہیں لیکن اس حکومت کی اوقات نہیں ہے کہ کسی کو این آر او دے سکے، وزیراعظم آج بھی کنٹینر پر کھڑے ہیں وہ جہاں بھی جائیں گے ایک ہی تقریر کریں گے۔اللہ کرے جعلی اکاو¿نٹس کا معاملہ اصلی ہو اور ساری رقم واپس آئے، حکومت کو چاہیے صرف دعوے نہ کرے مسائل کو حل کر کے دکھائے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو احتساب کا عمل جاری رکھنے کا کہا ہے لیکن ان کی جہالت کا عالم یہ ہے کہ کچھ وزرا سپورٹ مانگتے ہیں اور کچھ پگڑیاں اچھالتے ہیں۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش پر کسی کو جیل میں نہیں ڈالا جاسکتا حکومت کے پاس اگر کسی کے خلاف ثبوت ہیں تو اسے گرفتار کرے دعوں سے کام نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد حکومت ہے کہ جس کو اپوزیشن چاہتی ہے کہ کامیاب ہو لیکن یہ اپنے ہی بوجھ تلے دب رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا جی جی بریگیڈ سب سے بڑا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان سے پیسہ باہر جاتا بھی ہے اور آتا بھی یہ ایک پیرلل اکانومی ہے اور اس نظام کا حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب خاموش ہوگئے ہیں وہ اس موڈ میں نہیں تھے، سوگ اتنا لمبا نہیں ہوتا،یہ کہنا کہ مریم نواز اور میاں صاحب کلثوم نواز کے غم میں خاموش ہیں تو اس کا مطلب ہے شہباز شریف اور حمزہ کو کوئی غم نہیں کیوں کہ وہ خاموش نہیں ہیں۔