حکومت کا پرویز الہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ کو وفاقی وزارت دینے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف نے ق لیگ کا وفاق میں حصہ بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مونس الہیٰ کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی اور ق لیگ کے رہنما پرویز الہیٰ کے بیٹے مونس الہیٰ کو وفاقی وزیر برائے صنعت بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ مونس الہیٰ نے اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین سے ملاقاتیں بھی کی تھیں جبکہ پرویز الہیٰ گزشتہ کچھ عرصہ سے اس حوالے سے پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کے ساتھ ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں تاہم پارٹی نے گرین سگنل دے دیاہے ۔ مونس الہیٰ کو وفاقی وزیر بنانے کا باضابطہ اعلان چند دنوں میں پارٹی قیادت کی جانب سے کیا جائے گا ۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جہانگیر ترین ، پرویز الہیٰ اور طارق بشری چیمہ کی ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کی ویڈیو لیک ہوئی تھی جس میں طارق بشیر چیمہ جہانگیر ترین کو چوہدری سرور کی مداخلت روکنے کیلئے کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جبکہ پرویز الہیٰ بھی ان کی تائید کر رہے تھے ۔ دوسری جانب حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن میں پنجاب کی دو خالی ہونے والی نشستیں بھی جیت لی ہیں ۔ یہ دونوں نشستیں ن لیگ کے رہنماﺅں کے نااہل ہونے پر خالی ہوئی تھیں ۔