کراچی کے بعد اب کس شہر میں حملوں کا خدشہ، دہشتگرد کس حلیہ میں ہوگا؟ حساس اداروں نے خبردار کردیا
لاہور: وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تھریٹ رپورٹس کی روشنی میں انکشاف کیا ہے کہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں اہم اور حساس مقامات پر خود کش حملوں اور بم دھماکوں کے خدشات موجود ہیں۔
خبریں میڈیا گروپ کے مطابق ممکنہ دہشتگردی کے خطرے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے پانچ شہروں کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ لاہور میں بھی دہشتگردی کے خدشات موجود ہیں۔
ایجنسیوں کی رپورٹ پر محکمہ داخلہ نے پورے صوبے میں سکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خبردار کیا ہے کہ جن شہروں میں خود کش حملوں کا خدشہ ہے وہاں حملہ آور پیدل، موٹرسائیکل یا موٹرکار پر سوارہوگا اور اس کی عمر 18 سال سے 23 سال تک ہوسکتی ہے۔ سر پر ہیلمٹ پہنے ہوئے شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ میں ملبوس ہوسکتے ہیں۔