خاتون اول بشریٰ بی بی کا شیلٹرہوم کا دورہ اور داتا دربار پر حاضری
لاہور : خاتون اول بشرٰی بی بی نے شیلٹرہوم کے دورے میں کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی جبکہ داتا دربار پر بھی حاضری دی ، فرح خان کا کہنا تھا کہ بشری عمران کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ غریبوں کے مسائل حل ہوں۔
تفصیلات کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے لاہور میں شیلٹرہوم کا دورہ کیا اور بے گھروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، بشریٰ بی بی کے ہمراہ ان کی دوست فرح خان بھی تھیں۔
اس موقع پر بشری بی بی نے حکام کو شیلٹر ہوم کا کام جلد از جلد مکمل کرنے ہدایت کی۔
بشری بی بی کی دوست فرح خان کا کہنا تھا کہ بشری عمران کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ غریبوں کے مسائل حل ہوں۔ حکومت نے غریب اور نادار افراد کے لیے شہر بھر مختلف مقامات پر شیلٹر ہومز بنائے ہیں، جن افراد کے پاس سونے کے لیے چھت نہیں اور کھانے کے لیے خوراک نہیں، ان کی خدمت ہی خاتون اوّل کی ترجیح ہے۔
شیلٹر ہوم دورے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشرٰی بی بی نے داتا دربار پر حاضری دی اور ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی مانگی۔
یاد رہے 10 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان مختصر دورے پر لاہور پہنچے تھے، جہاں انھوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے باہر شیلٹر ہوم پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بے گھرافراد کے لیے لاہور میں فٹ پاتھوں پرخیمےلگا دیئے گئے تھے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، فٹ پاتھ پرسونے والوں کو ٹینٹ اورکھانا فراہم کیا جائے۔