آلِ شریف کو ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسی کا پھندہ نظرآرہا ہے: فیاض چوہان
لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہناہے کہ ماڈل ٹاؤن کیس پر اب جے آئی ٹی کی غیر جانبدار تفتیش سامنے آئےگی اور آلِ شریف کو اس کیس میں پھانسی کا پھندہ نظرآرہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن پر اب غیرجانبدار اور آزادانہ جے آئی ٹی بنی ہے، جے آئی ٹی آلِ شریف کی چھیڑ بن چکی ہے اب انہیں ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسی کا پھندا نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کرپشن اور بددیانتی کا سلسلہ چل رہا تھا، انہوں نے اپنے آپ کو مظلوم بناکر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی، آج احتساب عدالت کے باہر کوشش کی گئی کہ کارکنان کو مروائیں پھر لاشوں پر سیاست کریں، عدالت کے باہر اسی پلاننگ کے تحت حمزہ شہباز نے تدبیر اختیار کی جو ان کے منہ پر پڑی۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن پر ان لوگوں نے جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو باہر نہیں آنے دیا، جب رپورٹ باہر آئی تو وہ مینڈیٹ نہیں دیا جس پر عملدرآمد ہو، اب جو جے آئی ٹی بنی ہے اس سے غیر جانبدار تفتیش ہوگی جو سب کے سامنے آئے گی۔
تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ پی ٹی وی پر حملہ ایک سازش کے تحت کیا گیا، ان لوگوں نے مظاہرین میں اپنے بندے ڈلوا کر حملہ کیا، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا۔
آصف زرداری سےمتعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ زرداری کی حیثیت سڑک پر بیٹھے نجومی کی رہ گئی ہے، پیپلزپارٹی اب ساڑھے تین سو ووٹوں کی پارٹی رہ گئی ہے جس کا کریڈٹ ایک زرداری سب پر بھاری کے نعرے کو جارتا ہے۔
وزیراطلاعات کا کہناتھا کہ فالودے اور قلفی والوں کے جتنے جعلی اکاؤنٹس مل رہے ہیں سب زرداری کے ہیں، انہیں اومنی کی صورت میں موت نظر آرہی ہے، ایان علی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے، انہیں اب پکڑ نظر آرہی ہے تو نجومیوں کی طرح پیش گوئیاں کررہے ہیں۔
وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک ادارے کے سربراہ سے ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں، یہ ایک تقریب تھی جس میں آمد کی وجہ سے ملاقات ہوئی۔