پنجاب

حکمران 71 سال سے بار بار قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، سراج الحق

لاہور: امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی صبح کی تلاش میں ماری ماری پھرنیوالی قوم کو حکمرانوں نے 71 سال میں بار بار دھوکہ دیا۔ عوام نے تبدیلی کے خوشنما نعروں اور دعوﺅں سے آنیوالی نئی حکومت کو بھی دیکھ لیا جس نے 110 دنوں میں مہنگائی کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں دیا، موجودہ حکومت کے دور میں شرح سود بڑھی، درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہوئی اور مایوسی کے بادل مزید گہرے ہوگئے، جب حکمرانوں کو ان کے وعدے یاد لائے جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ شادی اور الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے نہیں ہوتے۔ وزیراعظم نے ایک نیا فلسفہ دیا ہے کہ اچھا اور بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو یوٹرن کا ماہر ہو، یوٹرن کا مطلب یہ ہے کہ وعدہ پورا نہ کرو، رات گئی بات گئی، جب حکمران اپنی قوم سے وعدہ پورا نہیں کرتے تو باہر کی دنیا ان پُراعتماد کیسے کرے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ دھوم دھام سے آنیوالے معاشی افلاطون وزیراعظم کو معیشت کی بہتری کیلئے عجیب عجیب مشورے دے رہے ہیں، معیشت کی ترقی کا پہلا قدم علم کی روشنی پھیلانا ہے، وزیراعظم نے سکولوں سے باہر قوم کے اڑھائی کروڑ نونہالوں کی تعلیم کیلئے کچھ کیا ہوتا تو آج قوم ان پر فخر کرتی، خوشحالی کیلئے انصاف کو یقینی بنانا ہوگا۔ چیف جسٹس انصاف دے دیں تو یہ ہنر مند قوم ریت کو نچوڑ کر باغ و بہار پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، 51 فیصد خواتین کیلئے بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنائی جائے، بینک خواتین کو بلاسود قرضے دیں اور وراثت میں خواتین کے حق کو یقینی بنایا جائے، خواتین پر تشدد کرنیوالا اپنی بزدلی کا مظاہرہ کرتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close