شہباز شریف چیئرمین پی اے سی بننا چاہیں تو روڑے نہیں اٹکائیں گے، شاہ محمود
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ہماری بنیادی ذمہ داری قانون سازی کرنا ہے مگر ہم روزانہ اسمبلی میں کوئی نیا ہنگامہ کھڑا کردیتے ہیں، اگر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بننا چاہتے ہیں تو رکاوٹ نہیں بنیں گے ۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن نیب پر تنقید کا حق رکھتی ہے، ہمیں لوگوں نے منتخب کر کے ایوان میں بھیجا ہے، یہ ایوان ہم سب کا ہے، ہم پر اسکااحترام لازم ہے۔
شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ دونوں جانب سے سنجیدہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے، ہاؤس کا تقدس پامال نہ کرنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف نے خبردار کیا نظام نہیں چلے گا تو ذمہ داری سب کی ہوگی ، ایسا عمل اپنانا ہوگا جس سے یہ نظام چل سکے۔
شاہ محمود قریشی کہتے ہیں الیکشن کے بعد ہنگامہ کھڑا کیا گیا یہ نظام نہیں چلنے دیا جائے گا کیوں کہ اپوزیشن کے مطابق انتخابات میں دھاندلی ہوئی، مگر ہم نے مبینہ دھاندلی پر اپوزیشن سے بات کرنے کا راستہ نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسپیکر نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بھی پروڈکشن آرڈرجاری کیے، کسی کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ اسپیکر نے کرنا ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے ایوان زیریں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکر سے گزارش ہے ابھی سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں، آرڈر جاری کرنے سے اسپیکر کی عزت میں اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر ابتک جاری نہیں ہوئے۔