خواجہ برادران کے بعد رانا ثناءاللہ کی باری، نیب کیجانب سے شکنجہ سخت کرنے کیلئے تیاریاں شروع
لاہور: نیب نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کیخلاف بھی شکنجہ سخت کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ پر فیصل آباد میں انڈر پاس کا نقشہ تبدیل کروانے کا الزام ہے اور انہوں انڈر پاس کا روٹ تبدیل کروا کر من پسند افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔ نیب نے سابق صوبائی وزیر کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ نون لیگ کے متعدد رہنماؤں کو نیب کی جانب سے مختلف انکوائریوں کا سامنا ہے، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلسل 64 روز نیب کی تحویل میں رہنے کے بعد اب جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
اسی طرح خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں نیب کی زیرحراست ہیں، جبکہ نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے اور نیب نے ان کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔ خواجہ برادران کی گرفتاری کے بعد اب رانا ثناءاللہ کی باری بھی آ گئی ہے۔