پنجاب حکومت نے بھی اپوزیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف نے وفاق کے بعد پنجاب میں بھی اپوزیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پنجاب میں بھی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے اپوزیشن پر تنقید کی جا رہی تھی لیکن اب پنجاب حکومت اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر آمادہ ہو گئی ہے۔
ذارئع کے مطابق پنجاب حکومت نے ”کچھ لو اور کچھ دو” کے فارمولے پر حمزہ شہباز کو چئیرمین شپ دینے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت صوبائی کابینہ کو اعتماد میں لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
وزیر قانون نے سات جنوری سے قبل ہی یہ معاملات طے کرنے کی کوششوں کا آغاز رکھا ہے۔ حکومت اپوزیشن سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے بدلے میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور قانون سازی میں معاونت مانگے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پی اے سی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ہو جائے گی۔ وزیر قانون راجہ بشارت اس حوالے سے جلد حمزہ شہباز شریف سے رابطہ بھی کریں گے۔