‘نواز شریف جیل میں کمرے کی صفائی خود کریں گے’
لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں ’بہتر کلاس‘ تو مل گئی ہے تاہم پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کی جانب سے انہیں ایک قیدی فراہم کرنے کی درخواست پوری نہیں کرسکتے اور مسلم لیگ (ن) کے قائد کو اپنا کمرہ خود صاف کرنا ہوگا۔
انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے کہا گیا ہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں انہیں ملنے والی 7 سال قید کی سزا کے دوران انہیں اپنا جیل کا کمرہ خود صاف کرنا ہوگا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کیس انتہائی حساس تھا اور انہیں ان کے بیرک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جیل مینوئل کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم سے ان کا کمرہ خود صاف کرنے کا کہا گیا ہے۔
تاہم بعد ازاں انہوں نے ڈان کو وضاحت دی کہ مینوئل کے مطابق بزرگ قیدیوں کو کسی حد تک آسانیاں فراہم کی جاتی ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران گورنر پنجاب نے سندھ حکومت سے محاذ آرائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت کسی سے محاذ آرائی نہیں چاہتی بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف کا کسی صوبائی حکومت کو نکالنے کا ارادہ نہیں ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ماننا ہے کہ کرپشن نے ہمارے ریاستی اداروں کو تباہ کردیا ہے اور کوئی بھی ملک کرپشن کے کینسر کے خاتمے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔
نیشنل فنانس کمیشن میں تمام وزرائے اعلیٰ کو شامل کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور چھوٹے صوبوں کا زیادہ خیال کیا جائے گا۔