عمران خان کی حکومت ملکی سلامتی کیلیے خطرہ بن چکی ہے، احسن اقبال
نارووال: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے، ہمیں عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا بھر میں جا کر ملک کو کرپٹ ثابت کر رہے ہیں، ان کی حکومت ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے، ہمیں عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں، عمران خان ہمیشہ پر تشدد اور گالی گلوچ کی بات کرتے ہیں، وہ ایک فاشسٹ اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں، عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کے اقتدار کے آگے کوئی آواز نہ اٹھاسکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا دفاعی بجٹ تھا جس کی مقدار ساڑھے 9 ارب ڈالر تھی اب گھٹ کر 7.9 ارب ڈالر رہ گئی ہے، حکومت نے اتنی بے یقینی پیدا کردی ہے، سرمایہ دار یا تو اپنا سرمایہ ملک سے لے گیا ہے یا انڈر گراؤنڈ کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے نیب کی کارروائیوں سے متعلق کہا کہ نیب کے یک طرفہ احتساب کا عمل سیاسی ایجنڈے پر چل رہا ہے اس کا نوٹس لیا جائے، پی ٹی آئی کے تمام وزرا کو مکمل تحفظ حاصل ہے، آپ میرے حوالے کوئی ایجنسی سپرد کریں، میں کسی بھی پاکستانی پر آمدن سے زیادہ اثاثوں کا کیس بنا دوں گا، یہ انتقامی کاروائیاں کی جا رہی ہیں، شہباز شریف کو پاکستان کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ایک بندوبست کے ذریعے منتخب کروایا گیا تھا، پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی سے مل کر انہیں منتخب کروایا تھا، اگر پیپلز پارٹی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو اپوزیشن اپنا چیئرمین سینٹ لاسکتی ہے، اگر پیپلز پارٹی ٹھوس قدم نہیں اٹھاتی تو لوگ اس پر چہ مگوئیاں کریں گے۔