Featuredپنجاب

عمران خان کی مسلط حکومت بھکاری بن کر پوری دنیا میں گھوم رہی ہے، مسلم لیگ (ن)

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کی وجہ سے نواز شریف جیل میں ہیں،نواز شریف اور شہباز شریف بہادری سے حالات کا سامنا کررہے ہیں، نواز شریف کو زمین کی ساتویں تہہ میں بند کردیں مگر وہ عوام کے دلوں میں رہیں گے،عمران خان کے پاس کوئی پالیسی یا کوئی پروگرام نہیں ہے ،اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے اپوزیشن کے خلاف اقدامات کئے جارہے ہیں،جولائی کے انتخابات شفاف ہوتے پاکستان آج بہت آگے جاچکا ہوتا، مسلط حکومت بھکاری بن کر دنیا میں گھوم رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار مشاہد اللہ خان اور رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف اس پارٹی کا سربراہ ہے جسے حکومت میں ہونا چاہیے تھا، جن کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے اس سے ملک کو شدید نقصان ہوا ہے۔پاکستان کو ایٹمی اور معاشی قوت بنانے میں نواز شریف کا کردار ہے، نواز شریف سر جھکائے گا نہ ہی ان کے کروڑوں ساتھی سر جھکائیں گے، وہ جمہوریت کے اسٹیک ہولڈر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو کل کہتا تھا میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا وہ آج ہر کسی کے سامنے ہاتھ پھیلا رہا ہے، دو زانوں بیٹھ کر بھیک مانگی جارہی ہے ،ہر کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر ملک کی بے توقیری ہوئی ہے۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف محسن پاکستان ہیں جنہیں سر نہ جھکانے کی سزا مل رہی ہے اور سزائیں ان ہی لوگوں کے لیے ہوتی ہیں جو سر نہیں جھکاتے۔نواز شریف اور شہباز شریف بہادری سے حالات کا سامنا کررہے ہیں، نواز شریف کو زمین کی ساتویں تہہ میں بند کردیں مگر وہ عوام کے دلوں میں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی کے انتخابات شفاف ہوتے پاکستان آج بہت آگے جاچکا ہوتا، مسلط حکومت بھکاری بن کر دنیا میں گھوم رہی ہے، قرض لے لیا ایک سال بعد کیا ہوگا ،ان کے پاس کوئی پلان نہیں یہ جمہوریت اور پاکستان دشمنی کا ایجنڈا ہے۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان کو سمجھ لینا چاہیے کہ انہیں اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ یہ بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کب دیں گے اور پچاس لاکھ گھر کب بنیں گے، قوم کو بتائیں ای او بی آئی کے ملزمان تحریک انصاف میں ہیں یا نہیں؟ ان کی حرکتیں چور مچائے شور کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ملک کو طاقتور معاشی اور ایٹمی قوت بنانے پر تختہ مشق بنایاگیا ،ہو سکتا ہے جیل میں ڈالنے کے بعد کچھ لوگوں کے دل کو ٹھنڈک پہنچ گئی ہو۔نوازشریف کو سر نہ جھکانے کی سزا مل رہی ہے جمہوریت اور عوام کا حق حکمرانی قائم رہے گا ،اسی وجہ سے مریم نوازکو بھی جیل کاٹنی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ بیڈ گورننس ہے ،جمہوریت اور ملک دشمنی کا ایجنڈا چل رہاہے،میڈیا کو بھی صراط مستقسیم پر چلنے کی سزا مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارورڈ بلاک پارٹی میں رہنے والا بناتاہے ،ہمارے ووٹ بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکلے ہیں اور یہ زکوۃ کا پیسہ ہے جوشوکت خانم کے نام پر دبئی کے اکاؤنٹس میں چلا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت عمران خان کا نہیں اپوزیشن کا احتساب کیاجارہاہے ،حکومت میں کرپٹ ترین لوگ موجود ہیں لیکن اپنے لئے لانڈری لگائی ہوئی ہے،وزیر اعظم اپنی بہنوں کے خلاف کیوں ایکشن لے گا ۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ لانڈری سے فائدہ نہیں ہو گا انہیں جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ای او آئی بی کے ملزمان بھی پی ٹی آئی میں ہیں ،34کمپنیوں والا بھی پی ٹی آئی میں ہے اور ان کا اقدام چور مچائے شور کے مترادف ہے۔

رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ نوازشریف کو ایک ایسے احتسابی عمل سے گزارا جا رہاہے جو انتقام پر مبنی ہے،نوازشریف کوبلاجواز ،ناحق اور ناانصافی پر قید کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی دوبارہ سراٹھارہی ہے ،اس وقت ملک کی معیشت کی حالت یہ ہے مزدور کے لئے مزدوری نہیں اور کاروبار منجمد ہو کر رہ گیا ہے۔حکومتی وزرا ء اپوزیشن کے خلاف بدزبانی کرتے ہیں ،میڈیا پر پابندی لگائی جاتی ہے ،گھر اوردوکانیں توڑی جاتی ہیں ،چار پانچ سال سے اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف استغاثہ شہادت لاسکا نہ کوئی ثبوت مل سکا ،ہائی کورٹ کے فورم پرانصاف کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کہتا اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا ،انہیں جعلی مینڈیٹ کے ذریعے لایاگیااورجو لوگ انہیں لائے ان کے بارے میں کوئی بات پوشیدہ نہیں رہی۔عمران خان کے پاس کوئی پالیسی یا پروگرام نہیں ، اپنی نا اہلی کو چھپانے کیلئے صرف اپوزیشن کے پیچھے لگایاہواہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جے آئی ٹی بنی تو اس پر بنی گالہ میں میٹنگز ہوتی رہیں اوراس کمیٹی کو بریفنگ دی جاتی رہی۔وزیر اعظم کی اپرول کے بعد جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی تو سپریم کورٹ نے اس رپورٹ کو مسترد کیا اور کیس نیب کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان کو لے کر آئے وہ خود ہی ود ڈرا کریں اپنی غلطی کا احساس کریں ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں (ن) لیگ کو ٹارگٹ کیاگیا ،تین سالوں میں کوئی عوامی مسئلہ نہیں تھا ،صرف نوازشریف کو اقتدار سے علیحدہ کرنا ہی ٹارگٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سسٹم کی بنیاد انتخابات ہیں اوراگر وہ صاف شفاف نہیں ہوں گے تو ابہام میں سب چیزیں جعلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے تین چار ماہ میں معیشت کی یہی صورتحال رہی تو حالات خوفناک ہو جائیں گے ، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کم ہونے سے ترقی کا عمل رک گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے حق میں نہیں بات کررہا صرف بنی گالہ میں جے آئی ٹی کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک عدم استحکام میں آگے نہیں بڑھ سکتا ،کنٹینرپر چڑھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close