Featuredپنجاب

افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، وفاقی وزیر خارجہ

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر نے ملاقات کی ہے، جس میں افغانستان میں امن عمل اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر شاکر اللہ عاطف نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جہاں آرمی چیف نے افغان سفیر کو خوش آمدید کہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور افغان سفیر کی ملاقات میں افغانستان میں امن عمل اور علاقائی سیکیورٹی پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افغان سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی خدمات باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات کے لیے مفید رہیں گی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے افغان سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور افغان سفیر کی پاکستان میں تعیناتی کا خیر مقدم کیا۔

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوست ملکوں کی مدد سے معاشی بحران سے نکل آئیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کامیاب مذاکرات کے لیے مثبت کردارادا کر رہا ہے۔ کچھ قوتیں پاکستان کو الجھانے کے لیے افغانستان میں امن نہیں چاہتیں۔

ایک ماہ قبل بھی اسلام آباد میں افغان کیمپوں میں مقیم طلبہ کے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ چھ ہزار سے زائد طلبا پاکستان میں زیر تعلیم ہیں جبکہ ہمارے افغانستان کے ساتھ ثقافتی اور باہمی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں اور امن ہی پاکستان افغانستان کا مشترکہ مستقبل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے ہر مرحلے میں تعاون جاری رکھیں گے اور افغانستان کی ترقی کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close