کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری
کرنسی اسمگلنگ کیس میں راول پنڈی کسٹمز کی خصوصی عدالت نے ماڈل ایان علی کو پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ایان علی کے وکیل کی جانب سے تین درخواستیں بھی مسترد کردیں۔
بدھ کے روز راول پنڈی کی خصوصی کسٹم عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ کارروائی میں کسٹم کی خصوصی عدالت نے ملزمہ ایان علی کو آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کے نہ آنے پر انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہو گی۔
دورانِ سماعت ایان علی کی مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے، کرنسی کی ضبطی کلکٹریٹ کسٹم کی سول قانونی کارروائی ہے۔
عدالت نے گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ پر طلب کرلیا، جب کہ کرنسی اسمگلنگ کیس کی آئندہ سماعت 15فروری تک ملتوی کردی ۔
ایان علی کو 14مارچ 2015 میں دبئی جاتے ہوئے 5 لاکھ ڈالرز اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں بینظیر بھٹوائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔