سانحہ ساہیوال، جانبحق افراد کے اہل خانہ صدر پاکستان سے ملاقات کے لئے طلب
صدر پاکستان نے سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ذیشان اور خلیل کے اہل خانہ کو ملاقات کیلئے مدعو کر لیا۔ دونوں خاندانوں کے 3 افراد عارف علوی سے ملنے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ذیشان اور خلیل کے اہلخانہ صدمے سے باہر نہ نکل سکے۔ دونوں متاثرہ خاندانوں سے سیاسی و سماجی شخصیات کی تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعے کی صبح ذیشان کی والدہ حمیدہ بی بی اور بھائی احتشام جبکہ جاں بحق خلیل کا بھائی جمیل لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے، اس موقع پر تھانہ کوٹ لکھپت کے اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔
روانگی سے قبل ذیشان کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا بیٹا واپس نہیں آسکتا لیکن اس پر دہشتگرد کا لگنے والا الزام نہ قابل قبول ہے، صدر عارف علوی نے ملاقات کیلئے بلایا ہے وہ ان سے انصاف کی اپیل کرینگی۔ مقتول خلیل کے بھائی جمیل نے اپنی گفتگو میں کہا انہیں انصاف کی توقع ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے افراد اس امید سے ایوان صدر روانہ ہوئے کہ انہیں جلد انصاف ملے گا۔