Featuredپنجاب

طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے علاوہ امریکا کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، چوہدری شجاعت

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جس طرح دانشمندانہ حکمت عملی اختیار کی، ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے امریکا کے افغانستان سے اٹھارہ ماہ کے اندر انخلا کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ جاری تنازعات اور دہشت گردی میں معاون تمام مسائل کو ختم کیا جائے، قیام امن کیلئے امریکا نے اگر افغانستان سے اپنی فوج نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو افغانستان سمیت پاکستان میں بھی قیام امن کیلئے یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔

میڈیا کے سوالات کے جواب میں چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ 2014ء میں سینیٹر مشاہد حسین سید کے زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے کابل کا دورہ کیا، جس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز موجود تھے، اس وقت کے امریکی سفارتکار برائے افغانستان ڈیوڈ کنگھم کی پاکستان وفد کو بریفنگ کے بعد میں نے یہ نصیحت کی تھی کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے علاوہ امریکا کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، جس سے امن قائم کیا جا سکے اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کے دوران امریکہ کو نہ صرف ان کے مطالبات کو سننا چاہئے، بلکہ ہو سکے تو قیام امن کی خاطر ان کو قبول بھی کر لینا چاہیے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج خدا کا شکر ہے کہ پانچ سال گزر جانے کے بعد امریکا طالبان کے ساتھ نہ صرف مذاکرات کر رہا ہے، بلکہ ان کے مطالبات بھی مان رہا ہے، جس سے ایشیا اور خصوصی طور پر افغانستان اور پاکستان میں دیرپا امن ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس امریکی جنگ میں جس طرح پاکستان نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، امریکہ اس طرح نہ تو ان قربانیوں کو تسلیم کر رہا ہے اور نہ ہی سراہتا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا کو پاکستان کی ان لازوال قربانیوں کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں پاکستانی عسکری قیادت باالخصوص جنرل قمر جاوید باجوہ نے جس طرح امن کی ضرورت اور اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے دانشمندانہ حکمت عملی اختیار کی اور امن قائم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھا، ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی وجہ سے آج خطے میں خاص طور پر پاکستان اور افغانستان میں امن کی راہیں استوار ہو رہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close