کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں، سربراہ پاک فوج
کھاریاں: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کریں گے اور انشاءاللہ کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں میں انسداد دہشت گردی کے مرکز کا دورہ کیا اور انتہائی جدید سہولیات سے ٓراستہ مرکز کاافتتاح کیا ۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے ہر قیمت ادا کریں گے، کسی کو ہماری بہادر افواج اور اس کی صلاحیتوں پر شک نہیں ہونا چاہیئے، ہماری بہادر افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ عوام اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے تاہم عوام اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردی کا رخ موڑدیا اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عوام کے عزم سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے۔