طاہرالقادری عمران خان کی شادی کیلئے لڑکی تلاش کررہے ہیں، رانا مشہود
ملتان: وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کی جانب سے عمران خان کی شادی کیلئے لڑکی ڈھونڈنے کی بات سامنے آئی ہے۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ عمران خان کے دھرنوں کا اختتام ہمیشہ ان کی شادی پرہوتا ہے ، عمران خان کودلہن نہیں مل رہی اس لئے وہ بوکھلاہٹ کا شکارہیں، انہیں جس طرح وزیراعظم کی شیروانی نصیب نہیں ہورہی ، اسی طرح شادی کی شیروانی بھی نصیب نہیں ہوگی تاہم اب طاہر القادری کی جانب سے عمران خان کی شادی کے لئے لڑکی ڈھونڈنے کی بات سامنے آئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں رواں برس اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسکولوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹ لگائے جارہے ہیں جو ناصرف طلبا بلکہ قریبی آبادی کو بھی سہولت کا باعث بنیں گے۔