پنجاب
بہاولپورمیں کالعدم جیش محمد کے ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول پنجاب حکومت نے سنبھال لیا
لاہور: وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کالعدم جیش محمد کے زیرانتظام مدرستہ الصابر اور مسجد سبحان اللہ کا کنٹرول پنجاب حکومت نے سنبھال لیا ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بہاولپور میں واقع کالعدم جیش محمد کے زیر انتظام چلنے والے مدرسے الصابر اور اس سے ملحقہ مسجد سبحان اللہ کا کنٹرول پنجاب حکومت نے سنبھال لیا ہے، اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق مدرسہ اور مسجد مبینہ طور پر کالعدم تنظیم جیش محمد کا ہیڈ کوارٹر ہے، مدرسے میں 70 سے زائد اساتذہ اور 600 سے زائد طالب علم زیرِ تعلیم ہیں، جن کی تعلیم جاری رہے گی تاہم پنجاب حکومت اب مدرسے کا نظم و نسق سنبھالے گی اور اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر بھی مقرر کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔