پاک فوج دوست کو دھوکہ اور دشمن کو موقع نہیں دیتی، فیاض الحسن چوہان
لاہور: صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ بھارت کو پیغام دے دیا ہے کہ جنگ کا ڈھول پاکستان کے گلے میں ڈالو گے تو شروع بھارت کرے گا تو ختم شد ہم کریں گے۔ مودی کے اندر ذرہ سی بھی شرم رہ گئی ہے تو وہ سیاست چھوڑ کر چائے کا کھوکھا لگا لیں۔ عارف ہسپتال مصطفی آباد لاہور میں فری میڈیکل کیمپ کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دوست کو دھوکہ اور دشمن کو موقع نہیں دیتی، وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو واپس کرکے صلاح الدین ایوبی ہونے کا ثبوت دیا ہے، مودی کے اندر ذرہ سی بھی شرم رہ گئی ہے تو وہ سیاست چھوڑ کر چائے کا کھوکھا لگا لیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے عزائم جنگ جنگ کر رہے ہیں، مودی سرکار جنگ کا ڈھول پاکستان کے گلے میں مت باندھیں، جنگ کا ڈھول پاکستان کے گلے میں ڈالا تو پورا بھارت کتھک ناچ ناچے گا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ جنگ کے ماحول میں پاکستان نے ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کیا ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بین الاقوامی سطح پر جنونی لیڈر شپ کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ وزیراطلاعات نے مطالبہ کیا کہ امن کا نوبل انعام پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو انسانیت کی بنیاد پر واپس کیا گیا ہے جبکہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستانئ قیدی کو مارا گیا ہے جس سے دونوں ممالک کی سوچ کا پتہ چلتا ہے، اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ کون شدت پسند ہے اور کون امن پسند۔