کالعدم تنظیموں کے کارکنان کو قومی دھارے میں لایا جائے، طاہر اشرفی کا حکومت سے مطالبہ
لاہور: پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر اشرفی نے ملک بھر کی کالعدم تنظیموں کے حوالے میدان میں آتے ہوئے وفاقی حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ طاہر محمود اشرفی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر جاری کئے جانے والے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مساجد و مدارس کا ہر سطح پر تحفظ کریں گے، کالعدم تنظیموں کے وہ کارکن اور رہنما جو آئین پاکستان اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں ان کو قومی دھارے میں لایا جائے جبکہ جن مدارس میں قرآن و سنت کی تعلیم دی جاتی ہے ان کو ہر ممکن سہولت میسر کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں وہ مدارس اور مساجد جن کا کسی کالعدم تنظیم سے تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ ماضی میں کسی کالعدم تنظیم سے متصل رہے ہیں ،اگر اُن کو کسی بھی حکومتی ادارے کی جانب سے پریشانی کا سامنا ہے تو وہ متحدہ علما بورڈ پنجاب سے رابطہ کرے ۔علامہ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ جامعہ اشرف المدارس کراچی کو کالعدم تنظیم سے منسلک کرنا افسوسناک ہے ،اس حوالے سے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی معلومات ناقص اور بے بنیاد ہیں ،جامعہ اشرف امدارس کی انتظامیہ ذمہ داروں اور حکومت سے رابطے میں ہے ،امید ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا ۔