لاہور سے داعش کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، باردوی مواد بھی برآمد
لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں داعش کے ایک نئے نیٹ ورک کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس نیٹ ورک کو بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم داعش کی حمایت حاصل ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں حساس اداروں نے دہشتگرد نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کی۔ دہشتگردی کیلئے لائی گئیں 7 خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کر لیا گیا، بارودی مواد گاڑیوں کے پرانے سپیئر پارٹس میں چھپا کر لاہور لایا گیا تھا۔ خودکش جیکٹس اور بارودی مواد شمالی لاہور کے ایک سکریپ گودام میں چھپایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق انتہائی تباہ کن دھماکا خیزمواد سی فور پرانے گیئر باکس میں چھپا کر لاہور لایا گیا تھا۔ دہشتگرد نیٹ ورک لاہور، ملتان، ساہیوال میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، ساہیوال میں ہلاک ہونیوالا ذیشان بھی اسی نیٹ ورک کا کلیدی رکن تھا، دہشتگرد نیٹ ورک فیصل آباد، گوجرانوالہ میں بھی دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ ذرائع کے مطابق سانحہ ساہیوال میں مرنے والے ذیشان کا بھائی اور اہلیہ بھی ذیشان کی کارروائیوں سے بخوبی آگاہ تھے۔ نیٹ ورک ملتان میں مختلف اوقات میں حساس ادارے کے 2 افسروں کی ہلاکت میں بھی ملوث ہے۔