ہم ریئلٹی شو کیلئے نہیں آتے، احتساب عدالت شہباز شریف کے وکیل پر برہم
لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران شہباز شریف کو روسٹرم پر بلا لیا۔ جج حتساب عدالت نے کہا کہ ہم ریئلٹی شو کیلئے یہاں نہیں آتے، کچھ وکلا کا رویہ انتہائی نامناسب ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آشیانہ اور رمضان شوگر ریفرنس کی سماعت ہوئی، جج احتساب عدالت نجم الحسن نے ریفرنسز کی سماعت کی، ملزم شہبازشریف، حمزہ شہباز اور دیگر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل نے جج احتساب سے استدعا کی کہ وکلا ہڑتال پر ہیں تو آپ بھی ہڑتال کریں، ہڑتال کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جج کیوں ہڑتال کریں، شہبازشریف کے وکلا نے کہا کہ بار احتجاج کرتی ہے تو سب اس کا حصہ ہوتے ہیں۔ جج احتساب عدالت نے کہا کہ ہڑتال ہے تو وکلا کمرہ عدالت میں کیوں ہیں، ہمیں ہڑتال کا کوئی نوٹس نہیں ملا۔ احتساب عدالت کے جج نے شہبازشریف کو روسٹرم پر بلا لیا۔ جج نجم الحسن نے کہا کہ ہم ریئلٹی شو کیلئے یہاں نہیں آتے، کچھ وکلا کا رویہ انتہائی نامناسب ہے۔ وکیل شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے ہڑتال کے حوالے سے ایسا کچھ نہیں کہا، عدالت نے کہا کہ عدالت کے اندر کچھ وکلا کا رویہ ناقابل برداشت اور ناقابل فہم ہے، وکلا کا تو کچھ نہیں جانا لیکن آپ کے موکل کا نقصان ہو سکتا ہے۔ عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازکو جانے کی اجازت دے دی اور آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔